منشیات ٹرک کے ایکسل شافٹ بکس میں چھپاکر افغانستان سے پاکستان سمگل کی جا رہی تھی ،ڈرائیور گرفتار
کراچی(خصوصی رپورٹ)اے این ایف نے طورخم بارڈر ٹرمینل کے راستے افغانستان سے پاکستان داخل ہونے والی افغان کارگو کی گاڑی سے بڑی مقدار میں منشیات اسمگلنگ ناکام بنا دی۔اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی منشیات فروش نیٹ ورکس کے ذریعیافغانستان سے طورخم کے راستے، پاکستان لائی جانے والی منشیات کی بھاری مقدار میں اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔تلاشی کے دوران ٹرک کے پچھلے ایکسل شافٹ باکس میں انتہائی مہارت سے بنائے گئے خفیہ خانہ سے 17.500 کلوگرام ہیروئن اور 4.500 کلوگرام آئس(میتھ ایمفیٹا مائن کل 22 کلو گرام منشیات بر آمد ہوئیں۔گاڑی کا ڈرائیور مومند اکرام، ننگرہار افغانستان کا رہائشی ہے جسے موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔بر آمد ہونے والی منشیات جلال آباد، افغانستان سے لائی گئی تھیں جن کی مالیت 24 کروڑ 60 لاکھ روپے بنتی ہے۔دوسری جانب اے این ایف نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈا ئون کرتے ہوئے 3 نائجیرین باشندوں سمیت 6 ملزموں کو گرفتار کرکے 1کروڑ 55 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 71 کلوگرام منشیات بر آمد کرلی۔فتح جنگ روڑ اٹک کے قریب گاڑی سے 2.400 کلو چرس بر آمد کرکیملزم کو گرفتار کرلیا گیا،گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کرلیا۔