سانحہ سوات ، غفلت کے مرتکب افراد کیخلاف کارروائی کی جا رہی ہے: بیرسٹر سیف

  اعلان کردہ معاوضہ جلد لواحقین کو فراہم کیا جائیگا، اعلیٰ سطح کی کمیٹی نے تحقیقات کا آغاز کر دیا،مشیراطلاعات
حکومتی وفد کے ہمراہ سانحہ سوات میں جاں بحق 3افراد کے لواحقین کے گھر آمد،اظہار ہمدردی ،تعزیت کی 
مردان( اے ایف بی )مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ سانحہ سوات میں غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف حکومتی وفد کے ہمراہ سانحہ سوات سیلاب میں شہید ہونے والے مردان کے ایک ہی خاندان کے 3افراد کے لواحقین کے گھر پہنچے، وفد نے غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے تعزیتی پیغام پہنچایا۔اس موقع پر بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور پوری صوبائی حکومت لواحقین کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے، سانحہ سوات پر پوری قوم غمزدہ ہے اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، حکومت کی جانب سے اعلان کردہ معاوضہ جلد لواحقین کو فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ موسمی حالات پر کسی کا کنٹرول نہیں، حکومت اس حوالے سے غفلت برتنے والے افراد کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرے گی۔صوبائی مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے مکمل تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے، کمیٹی نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور جلد رپورٹ وزیراعلی کو پیش کی جائے گی، رپورٹ موصول ہونے کے بعد غفلت کے مرتکب مزید افراد کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔