عثمان وزیر نے 15 ویں باوٹ میں بھی فتح حاصل کرلی

عثمان وزیر نے 15 ویں باوٹ میں بھی فتح حاصل کرلی

لاہور میں یو ڈبلیو پروموشن کے زیر اہتمام میگا انٹرنیشنل باکسنگ ایونٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان، افغانستان، تنزانیہ، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کے باکسرز نے حصہ لیا۔

 ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ پاکستانی باکسر عثمان وزیر اور تنزانیہ کے باکسر البانو کلائیمٹ کے درمیان ہوا، جس میں عثمان وزیر نے کامیابی حاصل کی۔عثمان وزیر کی یہ مسلسل پندرہویں فتح تھی، جس کے بعد وہ عالمی سطح پر باکسنگ کے ایک اہم نام کے طور پر ابھرے ہیں۔ عثمان وزیر ڈبلیو بی او کے یوتھ چیمپئن، ڈبلیو بی سی کے مڈل ایسٹ چیمپئن اور ڈبلیو بی اے کے ایشین چیمپئن ہیں۔ ان کی کارکردگی نے ان کو پاکستان میں باکسنگ کی دنیا میں ایک نمایاں مقام دلایا ہے۔ انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے باکسنگ میں شاندار کارکردگی پر تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا ہے۔ایونٹ میں وزیر اعظم پاکستان یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود اور گلگت بلتستان کے گورنر بھی موجود تھے اور انہوں نے عثمان وزیر کی فتح پر خوشی کا اظہار کیا۔ اس ایونٹ نے نہ صرف پاکستانی باکسنگ کے منظرنامے کو اجاگر کیا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی باکسنگ کی طاقت کو بھی تسلیم کیا گیا۔