جرائم ایمرجنسیز کی کالز میں 8.5 فیصد کمی حادثات میں 7.3 فیصد اضافہ ہوا ہے: ڈاکٹر رضوان نصیر
لاہور(کرائم رپورٹر)سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ، ڈاکٹر رضوان نصیر نے پنجاب کے تمام اضلاع کی ماہ نومبر2025کی آپریشنل کارکردگی کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہاکہ نومبر 2025میں نومبر 2024 کی نسبت جرائم ایمرجنسیز کی کالز میں 8.5 فیصد کمی جبکہ ٹریفک حادثات میں 7.3 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122)نے ماہ نومبرکے دوران پنجاب بھر میں 211,186 ایمرجنسیز پربروقت رسپانس کرتے ہو ئے214,912ایمرجنسی متاثرین کو ریسکیوسروسز فراہم کیں۔ نہوں نے گزشتہ ماہ کے دوران45,287روڈ ٹریفک حادثات میں 22,452 لوگوں کے شدید زخمی ہو کر معذوری کا شکار ہونے اور489 افرادکے موقع پر ہی جاں بحق ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیاوہ گزشتہ روز ماہانہ آپریشنل کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے ونگز کے سربراہان، صوبائی مانیٹرنگ آفیسر نے شرکت کی جبکہ ڈویڑنل ایمرجنسی آفیسرز اور پنجاب بھر کے ضلعی ایمرجنسی افسران ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ پنجاب بھر کے ضلعی ایمرجنسی افسران نے اہم ریسکیو آپریشن، حادثات و ایمرجنسیز،کیس اسٹڈیز،درپیش چیلنجز، قابل ذکر اقدامات سمیت اپنی آپریشنل کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔ پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122) نے گزشتہ ماہ نومبر کے دوران 211,186 ایمرجنسیز پر بروقت ایمرجنسی سروسز فراہم کیں،جن میں 141,589 میڈیکل ایمرجنسیز، 45,287 روڈ ٹریفک حادثات، 5,655 پھسلنے/گرنے کے واقعات، 5,617 گائنی کی ایمرجنسیز، 2,945 جرائم کی ایمرجنسی کال، 2,087 کام کی جگہوں پر چوٹ لگنے کے واقعات، 2,047 آتشزدگی کے واقعات،1,018 جانوروں کو ریسکیو کرنے کے واقعات، 505 کرنٹ لگنے کے واقعات، 364 جھلسنے کے واقعات، 46 ڈوبنے کے واقعات، 34 عمارتیں کے گرنے کے واقعات اور 3,992 متفرق ریسکیو ایمرجنسیزشامل ہیں۔ ایمرجنسی اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں گزشتہ ماہ کے دوران 45,287روڈ ٹریفک حادثات میں 489 افراد جاں بحق ہوئے۔ ان ٹریفک حادثات میں سے زیادہ تر 8,093ٹریفک حادثات لاہور میں ہوئے جن میں 59 افراد جاں بحق ہوئے اسی طرح فیصل آباد میں 2,913، ملتان میں 2,772، گوجرانوالہ میں 2,256، شیخوپورہ میں 1,593اور راولپنڈی میں 1,516جبکہ 26,144حادثات پنجاب کے باقی اضلاع میں رونما ہوئے۔اسی طرح آگ لگنے کے سب سے زیادہ واقعات بڑے اضلاع میں ہوئے جن میں لاہور میں 381کے ساتھ سرفہرست رہا جبکہ فیصل آباد میں 135، راولپنڈی میں 116، گوجرانوالہ میں 96، شیخوپورہ میں 92اورملتان میں 89واقعات پیش آئے۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے گزشتہ ماہ ہونے والے 45,287 روڈ ٹریفک حادثات میں 489 اموات اور 22,452 شدید زخمیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے بتایا کہ پاکستان میں ہرایک منٹ میں ایک ٹریفک حادثہ پیش آتا ہے جس کے نتیجے میں عمر بھر کی معذوری اور اموات واقع ہوتی ہیں، جبکہ ان حادثات میں موٹر سائیکلوں کا حصہ 75 فیصد سے زیادہ ہے۔انہوں نے بائیک رائڈرزسے درخواست کی کہ وہ محفوظ ڈرائیو کریں اور 50 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار پر نہ چلائیں، کیونکہ رفتار میں ہر 1 کلومیٹر فی گھنٹہ اضافے سے جان لیوا ایکسیڈنٹ میں 4 سے 5 فیصد اضافہ ہوتا ہے۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ تیز رفتار گاڑیوں کے درمیان میں موٹر سائیکل چلانے کی بجائے ہمیشہ سڑک کے بائیں جانب سفر کریں