دلہن نے سسرال پہنچنے کے 20 منٹ بعد ہی طلاق لے لی

اترپردیش (نیٹ نیوز) بھارتی ریاست اترپردیش میں دلہن نے سسرال پہنچنے کے 20 منٹ بعد ہی طلاق کا مطالبہ کردیا جس پر دلہا نے اسے طلاق دے دی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اترپردیش کے گاؤں بھلوانی میں وشال مدھیسیا نامی شخص نے گزشتہ ماہ 25 نومبر کو پوجا نامی لڑکی سے شادی تھی۔25 نومبر کے روز دلہا جب دلہن کے گھر بارات لے کر پہنچا تو اس دوران شادی کی تمام رسومات ادا کی گئیں جس کے بعد دلہن رخصت ہوکر دلہا کے گھر آگئی تاہم گھر پہنچنے کے کچھ دیر بعد ہی دلہن نے طلاق کا مطالبہ کیا اور گھر واپس جانے کا کہا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وشال کے گھر والوں سمیت شادی کیلئے لڑکے کے گھر پر موجود مہمانوں نے بھی لڑکی کو سمجھانے کی بہت کوشش کی لیکن وہ کسی صورت شوہر کے ساتھ رہنے کو تیار نہ تھی اور نہ ہی اپنے اچانک لیے گئے فیصلے کی وجہ بتانے کو تیار تھی۔پوجا کے گھروالوں کو ان کی بیٹی کے فیصلے سے آگاہ کیا گیا جس پر لڑکی کے گھر والوں نے بھی بیٹی کو اپنا فیصلہ تبدیل کرنے پر زور دیا لیکن اس سب کے باوجود بھی وہ نہ مانی اور نہ ہی وجہ بتائی۔بعد ازاں گاؤں میں پنچایت بلائی گئی جہاں دونوں خاندانوں کے افراد نے 5 گھنٹے تک اس معاملے پر بات چیت کی لیکن سب بے سود رہا۔بعد ازاں پنچایت نے اہل خانہ کو مشورہ دیا کہ وہ جوڑے کے درمیان علیحدگی کروادیں  یوں یہ شادی باہمی رضامندی سے اسی وقت ختم ہوگئی۔طلاق کے بعد دونوں فریقین نے شادی کے دوران تمام تحائف اور دی گئی نقدی رقم بھی ایک دوسرے کو واپس لوٹادی۔