3 لاکھ 32 ہزار سے زائد چالان ٹکٹس جاری کیے گئے، سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں پر مقدمات بھی درج کیے جا رہے ہیں:قاص نذیر
لاہور (کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے آئی جی آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے بھر میں نیا ترمیمی ٹریفک آرڈیننس باقاعدہ نافذ ہو چکا ہیجس کے تحت ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ روز کے دوران 3 لاکھ 32 ہزار سے زائد چالان ٹکٹس جاری کیے گئے جبکہ بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 56 ہزار 899 گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند کی گئیں۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے بتایا کہ سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں پر مقدمات بھی درج کیے جا رہے ہیں۔ عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے پنجاب بھر میں 40 ہزار سے زائد بینرز، اسٹینڈیز اور پمفلٹس تقسیم کیے گئے تاکہ شہریوں کو نئے ترمیمی قوانین سے آگاہ کیا جا سکے صوبے بھر میں ٹریفک قوانین کے یکساں نفاذ کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔ سرکاری گاڑیوں کے خلاف بھی قانون کے مطابق سخت کارروائی ہو رہی ہے کیونکہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں۔ڈی آئی جی وقاص نذیر نے واضح کیا کہ نئے ترمیمی آرڈیننس کا مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم عمر ڈرائیوروں اور طلبہ کے خلاف مقدمات درج نہیں کیے جائیں گے بلکہ ذمہ داری کا تعین گاڑی مالکان پر ہوگاترمیمی قوانین کا مقصد بچوں کا مستقبل خراب کرنا نہیں بلکہ ان کی حفاظت یقینی بنانا ہے۔ جرمانے اور مقدمات کا اندراج صرف اس وقت کیا جاتا ہے جب واقعی خلاف ورزی ہو۔ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی خبریں بے بنیاد ہیں، اسی لیے اصل حقائق عوام تک پہنچانے کے لیے یہ پریس کانفرنس کی گئی ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے بتایا کہ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر حادثات کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ محفوظ شاہراہیں اور شہریوں کا محفوظ سفر حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے حکومت پنجاب اور ٹریفک پولیس کا مقصد ریونیو اکٹھا کرنا نہیں بلکہ شاہراہوں پر محفوظ اور منظم ٹریفک فراہم کرنا ہے۔ شہری ٹریفک قوانین کی پابندی کرتے ہوئے محفوظ معاشرے کے قیام میں اپناکرداراداکریں۔