ایف ٹی اے کی جانب پیش رفت، آئی ٹی، زراعت اور تعلیم سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے کا عزم
پالیسی میں مستقل مزاجی اور بتدریج اصلاحات طویل مدتی سرمایہ کاری کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہیں: جام کمال
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اعلیٰ سطح اجلاس میں دوطرفہ تجارت کے فروغ، سرمایہ کاری میں اضافے اور خطے میں استحکام کو یقینی بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ مستقبل میں اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان اور برطانیہ کے ڈائریکٹر جنرل پولیٹیکل ایڈورڈلیلن کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان،یو کے تجارتی ڈائیلاگ کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ پالیسی میں مستقل مزاجی اور بتدریج اصلاحات طویل مدتی سرمایہ کاری کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اپنی تجارتی اصلاحات اور ساختی تبدیلیوں کے ذریعے سرمایہ کاروں کے لیے مزید پرکشش بنتا جا رہا ہے۔برطانوی عہدیدار نے کہا کہ پاکستان میں پالیسی کی شفافیت اور واضح اقتصادی اشارے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کر رہے ہیں، جبکہ پاکستان،برطانیہ تجارتی ڈائیلاگ مستقبل میں مضبوط اقتصادی شراکت داری کی بنیاد فراہم کرے گا