رقم طلب کرنے کا الزام، ہیڈ کانسٹیبل کے خلاف کارروائی شروع

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے مبینہ آڈیو کا نوٹس لے کر مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا
لاہور (کرائم رپورٹر) تھانہ مغلپورہ کے ہیڈ کانسٹیبل عبدالغفور کی مبینہ آڈیو سامنے آنے پر محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ اہلکار پر میلاد منتظم سے سکیورٹی نفری فراہم کرنے کے عوض رقم طلب کرنے کا الزام ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے مبینہ آڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی مکمل جانچ کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ آڈیو لیک کی مکمل تحقیقات کے بعد ذمہ دار اہلکار کے خلاف قانون و ضابطے کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال اور شہریوں سے کسی بھی صورت رقم طلب کرنا ناقابل قبول ہے، کسی شہری سے سکیورٹی یا کسی سرکاری سہولت کے عوض رقم طلب کرنے کی اجازت نہیں۔ فیصل کامران نے کہا کہ محکمہ پولیس میں بدعنوانی اور اختیارات کے غلط استعمال کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے، ہر اہلکار اپنے عمل کا جواب دہ ہے اور عہدہ یا سروس کسی کو احتساب سے بالاتر نہیں کرتی۔