بادامی باغ میں ٹرانسپورٹ اڈے پر لڑائی جھگڑا کیا رقم نہ دینے پر مبینہ تشدد، ملزموںکے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا
لاہور(کرائم رپورٹر) بادامی باغ میں ٹرانسپورٹ اڈے پر لڑائی جھگڑے اور رقم طلب کرنے کے الزام میں پولیس کانسٹیبل ریاض احمد کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق واقعہ چار روز قبل پیش آیا تھا جس پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ پولیس کے مطابق کانسٹیبل ریاض احمد پر ٹرانسپورٹ اڈے پر جاکر رقم طلب کرنے اور رقم نہ دینے پر مبینہ تشدد کا الزام ہے، جبکہ اس کے ساتھی پر خود کو پولیس ملازم ظاہر کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ دونوں ملزمان کے خلاف دفعہ 170 تعزیراتِ پاکستان اور 155-C کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ مقدمے کی مزید تفتیش انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ پولیس اہلکار ہو یا عام شہری، قانون سب کے لیے برابر ہے اور اختیارات کا ناجائز استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کا ہر رکن قانون کا محافظ ہے، قانون سے بالاتر نہیں، محکمہ پولیس میں احتساب کا عمل بلاامتیاز جاری رہے گا۔