27 ستمبر کے احتجاج کو کو وزیراعلیٰ سہیل آفریدی لیڈ کریں گے، بانی پی ٹی آئی سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے
پی ٹی آئی نے ہمیشہ ڈونیشن لی ‘ ہمارے اکائونٹ کلیئر ہیں جو بھی فنڈنگ آتی ہے وہ سٹیٹ بینک سے منظور شدہ ہوتی ہے:میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد (آئی این پی )چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے کہاہے 27 ستمبر کو ہم اسلام آباد فتح کرنے نہیں آرہے، ہمیں انصاف کہیں سے نہیں ملا اس لیے ہم اپنے حقوق مانگنے آرہے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے اور یہ اچھی بات ہے کہ عدالتیں ہمیں انصاف دینا شروع کریں، ہمیں عدالتوں کے احکامات پر عملدرآمد چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ 320 دن ہو گئے ہیں بانی سے ہماری کوئی ملاقات نہیں ہوئی، اور ان کی بانی سے آخری ملاقات 15 اکتوبر 2025 کو ہوئی تھی جبکہ حالیہ دنوں میں ان کی کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔ بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ 27 ستمبر کو وزیراعلیٰ سہیل آفریدی لیڈ کریں گے ، ہم حقوق کیلئے آرہے ہیں، پرامن ہوں گے اور کوئی تشدد نہیں ہوگا،نہ تو ہم ریاست یا صوبے کے وسائل استعمال کریں گے اور نہ ہی اڈیالہ جیل کے گیٹ توڑنے آرہے ہیں بلکہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ ہمیں انصاف دیا جائے، ہمارے مطالبات منظور ہونے چاہئیں اور ان پر سنجیدگی سے غور ہونا چاہیے۔