اسلام آباد: بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت سے متعلق تازہ میڈیکل رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔
میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کے مطابق عمران خان کی عمومی صحت درست ہے، تاہم ان کے کان اور دانت حساس ہیں، جس کے پیشِ نظر سپورٹیو مینجمنٹ کی تجویز دی گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنوری 2024 سے عمران خان کے کان کا اسپیشلسٹ چیک اپ کر رہا ہے، اور پہلی مرتبہ پمز میڈیکل بورڈ نے دانتوں اور کان کے لیے سپورٹیو مینجمنٹ تجویز کی ہے۔
میڈیکل رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2024 سے اگست 2025 تک پمز میڈیکل بورڈ عمران خان کا باقاعدہ چیک اپ کر رہا ہے۔ ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل نے جولائی 2024 میں جیل کا آخری وزٹ کیا۔عمران خان کو جیل میں اب تک 15 سے زائد مختلف ڈاکٹروں نے چیک اپ کیا ہے، اور پمز میڈیکل بورڈ نے حال ہی میں ان کا اڈیالہ جیل میں میڈیکل چیک اپ بھی کیا۔