ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے دوران ہڈور گائوں کے قریب کر یش لینڈنگ کے بعد تباہ ہوا‘وزیرداخلہ کا اظہار افسوس
شہداء میں پائلٹ میجر عاطف‘ معاون پائلٹ میجر فیصل‘فلائٹ انجینئرنائب صوبیدار مقبول، کریوچیف حوالدار جہانگیر اورنائیک عامر شامل
راولپنڈی (آئی این پی )تربیتی پرواز کے دوران پاک فوج کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکارہوگیا جس کے نتیجے میں ایک افسر سمیت 5 جوان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق پاک فوج کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے دوران ہڈور گائوں کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، حادثہ صبح تقریبا 10 بجے پیش آیا، ہیلی کاپٹر تھکداس کینٹونمنٹ سے تقریبا 12 کلومیٹر کے فاصلے پر کریش لینڈنگ کے بعد تباہ ہوا۔ ہیلی کاپٹر میں موجود تمام عملہ جامِ شہادت نوش کر گیا، شہدا میں پائلٹ ان کمانڈ میجر عاطف، کو پائلٹ میجر فیصل، فلائٹ انجینئرنائب صوبیدار مقبول، کریو چیف حوالدار جہانگیر اور کریو چیف نائیک عامر شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز پر تھا جب اسے تکنیکی خرابی پیش آئی، آرمی ایوی ایشن کی تربیتی پروازیں معمول کا حصہ ہیں تاکہ آپریشنل تیاری کو ہر وقت یقینی بنایا جا سکے۔ یہ تربیت دفاعی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ انسانی ہمدردی پر مبنی امدادی و بحالی کے مشنز کے لیے بھی ناگزیر ہے، ملک کے دفاع اور عوامی خدمت کے ہر پہلو میں بھرپور تیاری یقینی بنائی جائے گی۔