لاہور میں پولیس کی سنیپ چیکنگ اور ناکہ بندی جاری، ہزاروں موٹر سائیکلوں کے خلاف کارروائی

لاہور میں پولیس کی سنیپ چیکنگ اور ناکہ بندی جاری، ہزاروں موٹر سائیکلوں کے خلاف کارروائی

لاہور پولیس کی جانب سے شہر میں امن و امان برقرار رکھنے اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیوں کے لیے سنیپ چیکنگ اور ناکہ بندی کا سلسلہ جاری ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق رواں سال مختلف چیکنگ پوائنٹس اور ناکہ جات پر 1 لاکھ 82 ہزار سے زائد گاڑیوں جبکہ 7 لاکھ 74 ہزار سے زائد موٹر سائیکلوں کی چیکنگ کی گئی۔ بغیر کاغذات موٹر سائیکل چلانے پر 10 ہزار 883 موٹر سائیکلوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ترجمان کے مطابق 192 اپلائیڈ فار اور 488 غیر نمونہ نمبر پلیٹس والی موٹر سائیکلیں بھی پولیس نے قبضے میں لے لیں، جبکہ دفعہ 550 ضابطہ فوجداری کے تحت 295 موٹر سائیکلیں مختلف تھانوں میں بند کی گئیں۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ چوری شدہ، ٹمپرڈ اور جعلی نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے مرکزی شاہراہوں، تجارتی مراکز اور اہم مقامات پر ناکہ بندی یقینی بنانے کے ساتھ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر افراد اور گاڑیوں کی مؤثر چیکنگ کی ہدایت کی۔سی سی پی او نے نماز جمعہ کے دوران مساجد اور دیگر عبادت گاہوں کے اطراف سنیپ چیکنگ مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے افسران کو فیلڈ میں فورس کی کارکردگی اور کرائم کنٹرول اقدامات کا خود جائزہ لینے جبکہ چیکنگ کے دوران شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آنے پر بھی زور دیا۔