حکومت کشمیری بھائیوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر وقت تیار ہے:وزیر داخلہ محسن نقوی

حکومت کشمیری بھائیوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر وقت تیار ہے:وزیر داخلہ محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی آزاد کشمیر میں زخمی ہونے والے اسلام آباد پولیس اور آزاد کشمیر پولیس کے اہلکاروں کی عیادت کے لیے پمز ہسپتال پہنچ گئے۔

 وزیر داخلہ نے ہر زخمی اہلکار سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔محسن نقوی نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی اور اہلکاروں کے جذبے اور بہادری کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اہلکاروں نے انتہائی ہمت، حوصلے اور جوانمردی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیے اور شرپسندی کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا۔ محسن نقوی نے ان اہلکاروں کو "پاکستان کے بہادر سپوت" قرار دیا اور کہا کہ ہم سب کو آپ پر ناز ہے۔وزیر داخلہ نے چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کو آزاد کشمیر پولیس کے اہلکاروں کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت بھی کی۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ پرامن احتجاج ہر کسی کا حق ہے، لیکن قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔

چند شرپسند عناصر دشمن کی ایماء پر آزاد کشمیر کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اور ان کے مذموم مقاصد کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور حکومت کشمیری بھائیوں کے مسائل کے حل کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ پمز ہسپتال میں اسلام آباد پولیس کے 31 اور آزاد کشمیر پولیس کے 12 اہلکار زیر علاج ہیں۔