لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس کی جانب سے پیشہ ور بھکاریوں کے منظم گروہوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اس ضمن میں رواں سال گداگری ایکٹ کے تحت3053بھکاری گرفتارکئے گئے ہیں۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں 2983مقدمات کااندراج کیا گیا ہے۔سٹی ڈویژن میں 718، کینٹ میں 662 اور ماڈل ٹاؤن میں 633گداگر گرفتار کئے گئے ہیں۔ گرفتار ملزمان میں 2937مرد،104عورتیں جبکہ12سہولت کار شامل ہیں۔سی سی پی او لاہورنے گداگر وں اوران کے ٹھیکیداروں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھنے کے ا حکامات دیتے ہوئے کہا کہ بھکاریوں کے بھیس میں جرائم پیشہ عناصرکوقانون کی گرفت میں لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ گداگروں کی پشت پناہی کرنے والے منظم گروہوں کے نیٹ ورک کا خاتمہ کیا جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور پولیس اور پنجاب چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی ٹیمیں بچوں سے بھیک منگوانے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سپروائزری افسران اور ٹریفک پولیس اہم شاہراوں اور ٹریفک سگنلز پرکھڑے بھکاریوں کے خلاف ایکشن لیں۔