ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس میں پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں۔
مریم نواز نے طلبہ کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوزیشن ہولڈرز نے نہ صرف ملک کا نام روشن کیا بلکہ ان کے اساتذہ اور والدین بھی اس کامیابی کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا، "جس ملک میں اتنے ٹاپر ہوں، وہاں زوال کا تصور نہیں کیا جا سکتا۔"وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ پنجاب میں 80 ہزار طلبہ سکالرشپس پر تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور ہونہار طلبہ کو لیپ ٹاپ دینے کا بھی سلسلہ جاری ہے تاکہ وہ اپنی تعلیم اور ٹیلنٹ کو مزید نکھار سکیں۔انہوں نے طلبہ کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ محنت اور لگن سے ہر مشکل کو عبور کیا جا سکتا ہے، اور نوجوان پاکستان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔