ایشیا کپ کے دوران بھارتی ٹیم کے اسپورٹس مین اسپرٹ کے خلاف رویے نے نہ صرف شائقین بلکہ کرکٹ کے لیجنڈز کو بھی مایوس کیا ہے۔
جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز نے اس معاملے پر کھل کر تنقید کی اور کھیل کو سیاست سے الگ رکھنے کا مطالبہ کیا۔سوشل میڈیا کے ایک ویڈیو پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اے بی ڈی ویلیئرز نے کہا کہ بھارتی ٹیم نے جس انداز میں رویہ اختیار کیا، وہ کرکٹ جیسے کھیل کی روح کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا:"بھارتی ٹیم شاید اس سے خوش نہیں تھی جس سے اس نے ٹرافی وصول کرنی تھی، لیکن میرا نہیں خیال کہ اس بات کا کھیل سے کوئی تعلق بنتا ہے۔"ڈی ویلیئرز نے مزید کہا کہ ایشیا کپ کی اختتامی تقریب میں جو کچھ ہوا وہ مایوس کن تھا۔انہوں نے زور دیا کہ کھیل کو خالصتاً کھیل ہی رہنے دینا چاہیے اور سیاست کو اس میں شامل نہیں کرنا چاہیے۔
یاد رہے کہ بھارتی ٹیم نے ایشیا کپ کے دوران پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا تھا، جبکہ فائنل جیتنے کے بعد بھارتی کھلاڑیوں نے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے بھی انکار کر دیا۔اس رویے کو دنیا بھر میں کھیل کی روح کے خلاف قرار دیا جا رہا ہے، اور اب اے بی ڈی ویلیئرز جیسے بڑے نام کی تنقید نے اس معاملے کو مزید اجاگر کر دیا ہے۔