کراچی: مختلف علاقوں سے انسانی اعضاء برآمد، 2 سفاک قاتل گرفتار

کراچی: مختلف علاقوں سے انسانی اعضاء برآمد، 2 سفاک قاتل گرفتار

کراچی میں دو لرزہ خیز واقعات نے خوف و ہراس پھیلا دیا، جہاں مختلف علاقوں سے انسانی اعضاء ملنے پر پولیس نے تحقیقات تیز کر دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حیدری تھانے کی حدود کوثر نیازی کالونی کے قریب نالے سے ملنے والا انسانی سر تیموریہ تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد بلاک ایل کے نالے سے ملنے والے دھڑ کا نکلا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 35 سالہ محمد یوسف کے نام سے ہوئی، جو تندور پر مزدوری کرتا تھا اور ایک سال قبل مانسہرہ سے کراچی آیا تھا۔ مقتول کے بھائی جنت گل نے ملنے والے سر کی شناخت کی۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمان قتل کے بعد سر اور دھڑ کو مختلف مقامات پر پھینک گئے تھے۔

دوسری جانب گلستان جوہر پہلوان گوٹھ کے قریب سے ملنے والا انسانی سر بھی الگ کیس کا حصہ نکلا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کی نشاندہی پر مقتول امداد حسین ولد حسین خان کا دھڑ گلستان جوہر بلاک 4 مغل ہزارہ گوٹھ سے برآمد کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا کہ انہوں نے مقتول کا سر اور دھڑ الگ الگ مقامات پر پھینکا۔ تاہم قتل کی اصل وجوہات تاحال سامنے نہیں آئیں۔ دونوں واقعات کی مزید تفتیش جاری ہے۔