نیو کراچی صنعتی ایریا تھانے کے علاقے میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ڈاکو کی گرفتاری کے بعد مشتعل شہریوں نے تشدد کرکے اسے ہلاک کر دیا۔
واقعہ سیکٹر الیون جی میں بسم اللہ ہوٹل کے قریب پیش آیا، جہاں دو مسلح ڈاکو نے ایک دکان میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کی جس سے دو دکاندار زخمی ہوگئے۔ایک ڈاکو پکڑا گیا جبکہ اس کا ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگیا۔ پکڑے جانے والے ڈاکو کو مشتعل شہریوں نے تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے جلا دیا، جس کے باعث وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ زخمی دکانداروں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کیا۔پولیس افسر ایس ایچ او نواز گوندل نے بتایا کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار دو ڈاکو دکان میں داخل ہوئے، جہاں دکانداروں نے مزاحمت کی اور ایک ڈاکو کو پکڑ لیا۔
اس دوران فرار ہونے والے ڈاکو نے فائرنگ کی جس سے دونوں دکاندار زخمی ہو گئے۔ پکڑے جانے والے ڈاکو کی شناخت محمد اکرم کے نام سے ہوئی، جس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ مزید تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو کا کرمنل ریکارڈ بھی تھا اور وہ ماضی میں منشیات کے مقدمے میں گرفتار ہو چکا تھا۔پولیس نے فرار ہونے والے دوسرے ڈاکو کی تلاش کے لیے چھاپے مارنے کا آغاز کر دیا ہے۔