جسٹس ریٹائرڈ ناصرہ اقبال کے وارنٹ گرفتاری کا حکم کالعدم قرار

لاہور(کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ سے جسٹس ریٹائرڈ ناصرہ اقبال کے لئے بڑا ریلیف ، وارنٹ گرفتاری کا حکم کالعدم قرار دے دیا گیا۔ لاہورہائیکورٹ کے جسٹس خالد اسحاق نے جسٹس ریٹائرڈ ناصرہ اقبال کی وارنٹ گرفتاری کے خلاف دائر درخواست منظور کرلی اور درخواست منظور کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا ،تحصیلدار ماڈل ٹاؤن نے 2022 کو زرعی ٹیکس کی عدم ادائیگی پر جسٹس ریٹائرڈ ناصرہ اقبال کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے، جس پر ہائیکورٹ نے تحصیلدار ماڈل ٹاؤن کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم 2022 میں ہی معطل کردیا تھا ،درخواست گزار جسٹس ریٹائرڈ ناصرہ اقبال کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ اس کا اسلام آباد میں زرعی رقبہ الاٹ شدہ ہے، قانون کے مطابق اس پر زرعی ٹیکس کا نفاذ نہیں ہوتا ، 96600 روپے زرعی ٹیکس کی عدم ادائیگی پر وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ، پنجاب حکومت کے وکیل نے درخواست کی مخالفت کی لیکن عدالت کو مطمئن نہ کرسکا۔