صوبے میں الیکٹرک بسوں کا دائرہ کار تیزی سے بڑھایا جا رہا ہے:وزیراعلیٰ

 صوبے میں الیکٹرک بسوں کا دائرہ کار تیزی سے بڑھایا جا رہا ہے:وزیراعلیٰ

 وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں الیکٹرک بسوں کا دائرہ کار تیزی سے بڑھایا جا رہا ہے اور مزید 1500 بسوں کی شمولیت کے بعد پنجاب کی سڑکوں پر تقریباً 3 ہزار الیکٹرک بسیں چل رہی ہوں گی۔

لاہور میں پنجاب کے چھ اضلاع میں گرین الیکٹرک بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت عوام کو معیاری، ماحول دوست اور کم کرائے والی سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں مسلسل سرمایہ کاری کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہدف پنجاب کی تمام تحصیلوں تک جدید الیکٹرک ٹرانسپورٹ کی سہولت پہنچانا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس منصوبے سے مستفید ہو سکیں۔مریم نواز نے بتایا کہ مختلف اضلاع اور تحصیلوں میں بسوں کی ضرورت اور طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ بعض علاقوں کو 10، 15 یا اس سے زیادہ بسیں فراہم کی گئی ہیں، جبکہ جہاں مزید ضرورت ہوگی وہاں بھی مرحلہ وار بسیں مہیا کی جائیں گی۔وزیراعلیٰ نے صوبائی اسمبلی کے ارکان سے کہا کہ اگر ان کے حلقوں میں مزید بسوں کی ضرورت ہے تو وہ حکومت کو آگاہ کریں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ نئی بسیں موصول ہونے کے ساتھ ہی انہیں پنجاب کی تمام تحصیلوں تک مرحلہ وار پہنچایا جائے گا اور ہر علاقے کی ضرورت کے مطابق بسوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب ملک کا پہلا صوبہ بن چکا ہے جہاں شہریوں کو ماحول دوست، جدید، اقتصادی اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ الیکٹرک ٹرانسپورٹ فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے سے نہ صرف عوام کو کم کرائے میں بہتر سفری سہولتیں میسر آ رہی ہیں بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانے میں بھی مدد مل رہی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ عوام اس منصوبے سے بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سب کے لیے آسانیاں پیدا فرمائے۔خطاب کے اختتام پر مریم نواز نے محکمہ ٹرانسپورٹ، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور متعلقہ حکام کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے محنت اور ذمہ داری کے ساتھ اس منصوبے کو آگے بڑھایا ہے، اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے سے عوامی خدمت جاری رکھیں گے۔