اہم شاہراہوں کے ’’میک اپ‘‘ کا آغاز

جیل روڈ، گلبرگ، قرشی روڈ، اور فیروز پور روڈ پر سڑکوں اور گرین بیلٹس پر بوگن ویلیا بیلوں کی شجرکاری شروع 
لاہور(خصوصی رپورٹ) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور نے شہر کی اہم شاہراہوں کو خوبصورت اور دلکش بنانے کے لیے ایک اور نئے دلکش منصوبے کا آغاز کر دیا ہے۔ منصوبے کے تحت ڈی جی پی ایچ اے منصور احمد کی خصوصی ہدایات پر مختلف اہم شاہراہوں اور گرین بیلٹس پر بوگن ویلیا بیلوں کی شجرکاری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں جیل روڈ، گلبرگ، قرشی روڈ، اور فیروز پور روڈ سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر 6 سے 8 فٹ لمبی بوگن ویلیا بیلیں لگا دی گئیں۔ جو نہ صرف گرین بیلٹس کی زینت بنیں گی بلکہ شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کریں گی۔ شجرکاری کے دوران لائٹنگ پولز کے ساتھ بوگن ویلیا کی بیلیں نصب کی گئی ہیں جس سے شہر کی خوبصورتی نمایاں ہو گی۔ بوگن ویلیا بیل اپنی دلکش گلابی، جامنی، سفید اور نارنجی پھولوں کی وجہ سے پہچانی جاتی ہے، یہ نہ صرف تیزی سے بڑھنے والی بیل ہے بلکہ کم دیکھ بھال کی متقاضی بھی ہے، جس کی بدولت یہ شہری فضا کو تازگی، رنگ اور خوشبو سے بھر دیتی ہے۔ پی ایچ اے نے اس منصوبے میں کم لاگت اور دیرپا پودوں کو ترجیح دی ہے تاکہ شہر کی خوبصورتی پائیدار انداز میں برقرار رکھی جا سکے۔