پاکستان نے جولائی کیلئے سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی فلسطین پر کھلی بحث ہوگی:اسحاق ڈار

 پاکستان یہ ذمہ داری  اقوام متحدہ کے چارٹر  کے تحت نبھائے گا،سلامتی کونسل کو  سفارتکاری کے ذریعے موثر کارروائی کی طرف لے جانے کی کوشش کرینگے
 فلسطین پر سہ ماہی کھلی بحث کی بھی صدارت کروں گا، اس ماہ دو اعلی سطح کے دستخطی پروگراموں کی صدارت کروں گا:نائب وزیر اعظم کا بیان

 نیو یارک (یواین پی‘آئی این پی) پاکستان نے یکم جولائی کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کا یہ سلامتی کونسل میں آٹھواں دور ہے جبکہ صدارت کا اعزاز اسے 2013ء کے بعد پہلی بار حاصل ہوا ہے، پاکستان نے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے اپنا موجودہ دو سالہ دور جنوری 2025ء میں شروع کیا تھا جو دسمبر 2026ء تک جاری رہے گا اگرچہ سلامتی کونسل کی صدارت ماہانہ بنیاد پر بدلتی ہے اور اسے براہِ راست انتظامی اختیارات حاصل نہیں ہوتے، تاہم صدارت کا حامل ملک کونسل کے ایجنڈے، مباحثوں کے انداز اور ترجیحات پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا  ہے پاکستان یہ ذمہ داری عاجزانہ طور پر اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے تحت نبھائے گا، دوران صدارت فلسطین پر سہ ماہی کھلی بحث بھی ہوگی۔ ہماری صدارت اس وقت آئی ہے جب دنیا بھر میں تنازعات اور انسانی بحران چل رہے ہیں، سلامتی کونسل کو بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے موثر کارروائی کی طرف لے جانے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے  کہا کہ فلسطین پر سہ ماہی کھلی بحث کی بھی صدارت کروں گا، اس ماہ دو اعلی سطح کے دستخطی پروگراموں کی صدارت کروں گا۔انہوں نے کہا کہ پہلا اجلاس امن و تنازعات کے پر امن حل سے متعلق ہوگا جب کہ دوسرا اجلاس اقوام متحدہ اور او آئی سی کے تعاون پر مبنی ہوگا، پاکستان تمام رکن ممالک کے ساتھ شراکت داری کا خواہاں ہے۔