شین واٹسن: بھارت کا پاکستان نہ آنا چیمپئنز ٹرافی کے لیے بدقسمتی ہے

شین واٹسن: بھارت کا پاکستان نہ آنا چیمپئنز ٹرافی کے لیے بدقسمتی ہے

آسٹریلوی سابق آل راونڈر شین واٹسن نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سڈنی ٹور کے دوران کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ بھارت چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کا سفر نہیں کر رہا۔

شین واٹسن نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچز کرکٹ شائقین کے لیے ہمیشہ ایک خاص لمحہ ہوتے ہیں، اور یہ مقابلہ دنیا بھر کے کرکٹ فینز کے لیے بہت پرجوش ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ انگلینڈ کرکٹ میں آسٹریلیا کے لیے کتنا بڑا حریف ہے، بالکل اسی طرح پاکستان اور بھارت بھی ایک دوسرے کے بڑے حریف ہیں اور ان کا میچ دیکھنا کوئی بھی کرکٹ فین مس نہیں کرنا چاہتا۔شین واٹسن نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کو بہت اہم قرار دیا اور کہا کہ یہ پاکستانی قوم کے لیے ایک خاص موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ فینز کو اپنے ملک میں عالمی کرکٹرز کو کھیلتے ہوئے دیکھنے کا موقع ملے گا، جو ان کے لیے ایک یادگار لمحہ ہو گا۔

واٹسن نے 2019 میں پاکستان سپر لیگ میں پاکستان میں کھیلنے کا تجربہ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جانا اور وہاں کھیلنا ان کے لیے ایک خاص بات تھی۔شین واٹسن نے مزید کہا کہ پاکستان کے کرکٹ فینز کی محبت اور کرکٹ کے کھیل کے ساتھ ان کا جذبہ دیکھنا ان کے لیے بہت خوشی کا باعث تھا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے شائقین کو عالمی سطح کے کرکٹرز کو اپنے ملک میں براہ راست کھیلتے دیکھنا ایک غیر معمولی تجربہ ہوگا۔ واٹسن کے مطابق، آئی سی سی ایونٹ کا پاکستان میں انعقاد اس کے کرکٹ فینز کے لیے ایک اسپیشل لمحہ ہوگا، جس کا انہوں نے بے حد خیرمقدم کیا۔