’’سر‘‘کااعزازمحنت کرنے والی پوری کمیونٹی کا ہے: میئرلندن

پاکستان سے یہاں آکروالد کو بس ڈرائیور کی نوکری ملی، والدہ کپڑے سیتی تھیں، اس ملک میں محنت کا صلہ ملتا ہے 
 اعزاز ملنے پر امی جذباتی ہوگئی تھیں،خود کو بہت عاجز محسوس کر رہا ہوں،صادق خان کانجی ٹی وی کوانٹرویو
 لندن(آئی این پی ) میئر لندن صادق خان نے کہاہے کہ’’ سر‘‘ کا  خطاب ملنے پر خود کو بہت عاجز محسوس کر رہا ہوں، یہ اعزاز محنت کرنے والی پوری کمیونٹی کا ہے۔ برطانیہ کے بادشاہ چارلس نے صادق خان کو لندن کے عوام کی خدمات کے اعتراف میں نائٹ کا انتہائی معتبر اعزاز دیا۔صادق خان رواں برس مسلسل تیسری مرتبہ لندن کے میئر منتخب ہوئے تھے، نائٹ کا اعزاز ملنے سے اب صادق خان کے نام سے پہلے سر بھی لکھا جائے گا۔ سر کا خطاب ملنے کے بعد ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے میئر لندن صادق خان نے کہا کہ یہ اعزاز محنت کرنے والی پوری کمیونٹی کا ہے، میرے والدین نے پاکستان سے یہاں آکر محنت کی۔صادق خان نے کہا کہ میرے والد کو بس ڈرائیور کی نوکری ملی تھی، والدہ کپڑے سیتی تھیں، اس ملک میں محنت کا صلہ ملتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ’’سر‘‘کا اعزاز ملنے پر والدہ بہت جذباتی ہوگئی تھیں،ہم سب والد کویاد کر رہے تھے، بچے مذاق کر رہے ہیں کہ گھرمیں آپ سر نہیں صرف ہمارے والد ہیں، میری کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، یہ ایوارڈ بھی پوری ٹیم کے لیے ہے۔میئر لندن صادق خان کا مزید کہنا تھا کہ بادشاہ سے خاصے اچھے تعلقات ہیں، برطانوی وزیراعظم بھی میرے دوست ہیں۔