لاہور (کرائم رپورٹر)سنٹرل پولیس آفس میں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے پنجاب پولیس میں نئے بھرتی ہونے والے اسسٹنٹس نے ملاقات کی۔ صوبہ بھر سے پنجاب پولیس میں شمولیت اختیار کرنے والے 32 نئے اسسٹنٹس اس موقع پر موجود تھے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نئے بھرتی ہونے والے اسسٹنٹس کو پولیس فورس کا حصہ بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس میں آفس سٹاف ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ محنتی، قابل اور تجربہ کار آفس سٹاف محکمہ کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ نئے بھرتی ہونے والے اسسٹنٹس کو ایک ہفتہ کی تربیت دی جائے گی، جس کی تکمیل پر تمام اسسٹنٹس اپنی پریزنٹیشنز پیش کریں گے۔ انہوں نے اسسٹنٹس کو ہدایت کی کہ پیشہ ورانہ امور کی بہترین انجام دہی کے لیے اپنی تعلیم، مہارت اور صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کریں اور بھرپور محنت، لگن اور جوش و جذبے سے فرائض انجام دیتے ہوئے اپنے کیریئر میں ترقی کی منازل طے کریں۔