پختونخوااسمبلی :بھٹوکوسرکاری سطح پر شہیدکادرجہ دینے کی قرار داد منظور

پشاور(خصوصی رپورٹ)خیبرپختونخوااسمبلی نے ہزارہ صوبہ کے قیام،تمباکوخریداری کوٹہ کوبرقراررکھنے،شہیدذوالفقارعلی بھٹوکوسرکاری سطح پر شہیدکادرجہ دینے،سیاسی وسماجی کارکنوں کو ایم پی اوسے مستثنٰی قراردینے،خیبرمیڈیکل کالج کویونیورسٹی کادرجہ دینے اور گلیات کی سڑکوں کی بحالی سے متعلق چھ قراردادوں کی متفقہ طورپر منظوری دیدی۔ پیر کے روز صوبائی اسمبلی اجلاس میں ایم پی اے عبدالکبیرخان نے قراردادپیش کرتے ہوئے کہاکہ تمباکوصوبے کی اہم فصل ہے جس سے ہزاروں کاشتکاروں کا روزگاروابستہ ہے جس کے ذریعے سالانہ اربوں روپے کی آمدن حاصل ہوتی ہے، رواں سال تمباکوخریداری کاکوٹہ بونیرمیں 30لاکھ کلوگرام سے کم کرکے پندرہ لاکھ کلوگرام کرنیکی تجویز زیرغور ہے، اس سے کاشتکارطبقہ متاثرہوگا،موجودہ یقینی صورتحال کے باعث کاشتکاربرادری میں بے چینی پائی جاتی ہے، یہ ایوان مطالبہ کرتاہے کہ وفاقی حکومت تمباکو خریداری کا کوٹہ تیس لاکھ کلوگرام سے کم نہ کرے اور کاشتکاروں کے معاشی مفادات کامکمل تحفظ کیاجائے،پی پی رکن احمدکندی نے قراردادپیش کی کہ ذوالفقار علی بھٹو کو سرکاری سطح پر قومی شہید کا درجہ دیا جائے۔مزید برآں، قرار داد کی ایک نقل وفاقی حکومت کو ارسال کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے تاکہ اس حوالے سے آئندہ ضروری کارروائی مکمل کی جا سکے۔