پی ٹی آئی کا تیاری کیساتھ دوبارہ اسلام آباد جانے کا فیصلہ

تحریک انصاف کے پی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ،صورتحال پر بحث 
 ہلاکتوں کے حوالے سے غلط اعداد و شمار نہیں دئیے، تعداد 12 بتائی :بیرسٹرگوہر
پشاور،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف خیبر پختونخوا کی پارلیمانی پارٹی نے بھرپور تیاری کے ساتھ دوبارہ اسلام آباد جانے کا فیصلہ کرلیا جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر کا کہناہے کہ ہم نے کبھی 100یا200ہلاکتوں کادعویٰ نہیں کیا ،ہم نے احتجاج کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 12بتائی ہے۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف خیبر پختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیر اعلیٰ ہائوس میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی صدارت میں ہوا جس میں ارکان صوبائی اور قومی اسمبلی نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ پر اعتماد کا اظہار کیا گیا، اجلاس میں اسلام آباد میں پی ٹی آئی کارکنوں پر تشدد اور موجودہ سیاسی صورتحال پرتفصیلی بحث ہوئی اور اسلام آباد واقعہ سے متعلق ارکان اسمبلی نے اپنی تجاویز کمیٹی کے سامنے رکھیں۔پی ٹی آئی کی پارلیمانی کمیٹی نے مرکزی قیادت سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا ہے کہ جب ڈی چوک میں گولیاں چل رہی تھیں تو مرکزی قیادت کہاں اور کیوں غائب تھی ؟،اجلاس میں بھرپور تیاری کیساتھ دوبارہ اسلام آبادجانے کا فیصلہ کیاگیا۔بیرسٹرگوہر نے اپنے بیان میں کہاکہ ہماری ساکھ متاثر کرنے کیلئے پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، اگر سنگجانی بھی جاتے تو بھی پوری لیڈرشپ کو کنٹینر پر نہ بلاتے،بانی پی ٹی آئی نے خودکہاکہ بشریٰ بی بی کا سیاست میں کوئی کردار نہیں، وہ اپنی منشا سے تحریک میں شامل ہوئی ہیں، ہم نے ہلاکتوں کے حوالے سے غلط اعداد و شمار نہیں دئیے، احتجاج کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 12 بتائی ہے۔