پی ٹی اے کا وی پی این پر پابندی نہ لگانے کا فیصلہ

اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے قانونی بنیادوں کی کمی کی وجہ سے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس پر پابندی نہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد تمام وی پی اینز 30 نومبر کے بعد بھی چلتے رہیں گے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے صارفین کو خبردار کیا تھا کہ وہ 30 نومبر تک اپنے وی پی این رجسٹر کروائیں جس کے بعد غیر رجسٹرڈ کنکشن بلاک کردئیے جائیں گے۔تاہم اب وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ اس ماہ کے اوائل میں کی گئی درخواست واپس لے لی جائے گی۔یہ فیصلہ وزارت قانون سے رائے لینے کے بعد کیا گیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ حکومت کے پاس وی پی این کو بلاک کرنے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک کرائمز کی روک تھام کے قانون پیکا  2016 کی شقوں کی تشریح کا مسئلہ تھا اور اس حوالے سے وزارت داخلہ کا موقف کمزور تھا، لہٰذا یہ معاملہ جب عدالت میں جائے گا تو عدالتیں وی پی این کو کام کرنے کی اجازت دیں گی۔