وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ حالیہ علاقائی کشیدگی میں چین نے پاکستان کی غیر مشروط حمایت جاری رکھی۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کا سفر کاغذ سے اربوں ڈالر کے منصوبے تک پہنچ چکا ہے اور پاک چین دوستی بدلتے حالات کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔یہ بات انہوں نے چین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سی پیک فیز ٹو کے تحت صنعتی و بزنس ٹو بزنس تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔احسن اقبال نے کہا کہ چین کی ترقی کا ماڈل پاکستان کے لیے مشعل راہ ہے اور پاکستان چین کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے برآمدات اور ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت تشکیل دے رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "اُڑان پاکستان" کا فائیو ایز فریم ورک سی پیک فیز ٹو کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔چین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے اور پاکستان کے فائیو ایز فریم ورک سے معاشی استحکام اور خود انحصاری کے امکانات روشن ہیں۔