خیبرپختونخوا، پنجاب اور آزاد کشمیر میں زلزلہ، شدت 5.5 ریکارڈ

خیبرپختونخوا، پنجاب اور آزاد کشمیر میں زلزلہ، شدت 5.5 ریکارڈ

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا، پنجاب اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں رات گئے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

 پشاور، لاہور اور اسلام آباد سمیت متعدد اضلاع زلزلے سے لرز اُٹھے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق لاہور شہر اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے رات 2 بج کر 4 منٹ پر محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہری خوفزدہ ہو کر گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق لاہور کے کسی علاقے سے ایمرجنسی کال موصول نہیں ہوئی۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی جبکہ گہرائی 114 کلو میٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز ہندوکش ریجن، افغانستان تھا۔

زلزلے کے جھٹکے سوات، مالاکنڈ، دیر، مردان، ہری پور، ایبٹ آباد، چارسدہ، کرک اور آزاد کشمیر کے علاوہ راولپنڈی، گوجرانوالہ اور گردونواح میں بھی محسوس کیے گئے۔زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق فی الحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔