پولیس مقابلے کا مقدمہ قتل، اقدام قتل اور دیگر سنگین دفعات کے تحت درج کر لیا گیا
لاہور(کرائم رپورٹر) گزشتہ شب ڈاکو ئوں کی فائرنگ سے جامِ شہادت نوش کرنے والے سی سی ڈی کانسٹیبل رزاق ڈوگر کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ادا کر دی گئی اور اعزاز کیساتھ تدفین بھی کردی گئی۔نمازِ جنازہ میں آئی جی پنجاب عبدالکریم، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ، ڈی آئی جی سی سی ڈی وقاص الحسن، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور ذیشان رضا، ڈی آئی جی ہیڈ ایڈمن لاہور عمران کشور، ایس پی سی سی ڈی آفتاب پھلروان سمیت سی سی ڈی اور پولیس کے سینئر افسران و اہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کانسٹیبل رزاق ڈوگر کے جسدِ خاکی کو سلامی پیش کی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شہید کے جسدِ خاکی پر پھول کی چادر چڑھائی اور روح کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شہید رزاق ڈوگر کے بھائی آفتاب ڈوگر اور بیٹوں قاسم علی اور رومان حسن سے ملاقات کی اور شہید کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ آئی جی پنجاب کہا کہ شہید کی فیملی کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا گا۔شہید کانسٹیبل رزاق ڈوگر نے سوگواران میں ایک بیٹی اور دو بیٹے چھوڑے ہیں۔کاہنہ کے علاقے میں گزشتہ روز ہونے والے پولیس مقابلے کا مقدمہ قتل، اقدام قتل اور دیگر سنگین دفعات کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ تھانہ سی سی ڈی ون میں پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ایف آئی آر کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی کہ چار ڈاکو ایک خاتون کے ہمراہ علاقے میں موجود ہیں۔ پولیس پارٹی نے ملزمان کا تعاقب کیا تو کار سوار ڈاکو ئوں نے خاتون ساتھی سمیت پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار رزاق شدید زخمی ہوا جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیاجبکہ پولیس اہلکار عمران اشرف، محمود نواز اور وقار اسلم بھی زخمی ہوئیپولیس کے مطابق جوابی کارروائی میں دو ڈاکو ہلاک ہو گئے جن کا تعلق شیخوپورہ سے بتایا جاتا ہے، جبکہ خاتون کے ساتھ موجود دو دیگر ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے اور فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔