ایل پی جی ، پٹرول کی قیمت میں اضافہ

 ایل پی جی کی قیمت میں 4 روپے 33 پیسے فی کلو اضافہ گھریلوسلنڈر تین ہزار 52روپے ہو گیا ،نوٹیفکیشن جا ری
ایک دن کیلئے پٹرول کی نئی قیمت 342 روپے 79 پیسے ،ڈیزل کی 370 روپے 41 پیسے مقرر کردی گئی 
اسلام آباد(بیورو رپورٹ)اوگرا نے ماہ ستمبر کیلئے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیاجس سے مہنگائی کے ستائے ہوئے غریب عوام پر مزید بوجھ بڑھ گیا۔پیر کو اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایک ماہ کیلئے فی کلو ایل پی جی 4 روپے 33 پیسے مہنگی کردی گئی جس کے بعد فی کلو ایل پی جی کی نئی قیمت 258 روپے 65 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ 11.8 کلو سلنڈر کی قیمت 3 ہزار 52 روپے 9 پیسے مقرر کی گئی ہے، ایل پی جی کا گھریلوسلنڈر 51 روپے 17 پیسے مہنگا ہو گیا۔ نئی قیمت کا اطلاق آج یکم ستمبرسے ہوگا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ، پٹرول کی فی قیمت میں 77 پیسے اضافہ جبکہ ڈیزل کی فی لٹر قیمت میں ایک روپے تین پیسے کمی کردی گئی ۔پٹرول کی نئی قیمت 342 روپے 79 پیسے ،ڈیزل کی 370 روپے 41 پیسے مقررکی گئی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا۔قیمتیں یکم ستمبر کیلئے ہیں۔