ٹکٹوں کی رقم ریاست کے کھیلوں کے بجٹ سے واپس کرنے کی کوشش کی جائے گی اور اس سلسلے میں اندرونی طور پر کارروائی شروع کر دی گئی ہے
کولکتہ (سپورٹس ڈیسک)بھارتی ریاست مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ سوویندو ادھیکاری نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ سال کولکتہ میں لیونل میسی کی شرکت کے دوران ہونے والے متنازع اور بدنظمی کا شکار ایونٹ میں ٹکٹ خریدنے والے 33ہزار شائقین کو ان کی رقم واپس کی جائے گی۔یہ اعلان بھارت کے نیشنل سپورٹس ڈے کے موقع پر کولکتہ میں منعقد ہونے والی ایک تقریب کے دوران کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ کے مطابق ٹکٹوں کی رقم ریاست کے کھیلوں کے بجٹ سے واپس کرنے کی کوشش کی جائے گی اور اس سلسلے میں اندرونی طور پر کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ سال 13 دسمبر کو فٹ بال کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی لیونل میسی نے یووا بھارتی اسٹیڈیم کا دورہ کیا تھا لیکن وہاں شدید بدنظمی اور ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی تھی۔اس بدانتظامی کا الزام سابق بھارتی حکومت کے وزیرِ کھیل پر عائد کیا گیا تھا، کیونکہ ایونٹ کے دوران بہت زیادہ بدنظمی پھیل گئی تھی جس پر شائقین سخت غصے میں تھے۔اس تقریب کے لیے شائقین نے 4 ہزار اور 6 ہزار بھارتی روپے کے مہنگے ٹکٹ خریدے تھے۔ ایونٹ کے دوران میسی کی مختصر موجودگی اور انتظامات سے ناخوش شائقین اس دن سے ہی وہ اپنے پیسے واپس مانگ رہے تھے لیکن طویل عرصے تک انہیں ٹکٹ کی رقم واپس نہیں کی گئی۔