کیریبئین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کے ایک دلچسپ میچ میں گیانا ایمازون واریئرز کے وکٹ کیپر بیٹر شے ہوپ ایک انوکھے انداز میں آؤٹ ہوکر شائقین کرکٹ کو حیران کر گئے۔
میچ کے دوران وہ ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کے بولر ٹیرنس ہینڈس کی ایک وائیڈ گیند پر ریورس شاٹ کھیلنے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم شاٹ کھیلنے کے دوران ان کا توازن بگڑ گیا اور وہ خود ہی اپنے وکٹ پر جا ٹکرائے۔ اس طرح وہ ہٹ وکٹ کا شکار ہو گئے۔شے ہوپ کے آؤٹ ہونے کا یہ منفرد منظر کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کر لیا جس کے بعد اس کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ کرکٹ مداحوں کی جانب سے اس پر دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں اور بعض مداحوں نے اسے ٹورنامنٹ کے سب سے نرالے آؤٹ قرار دیا ہے۔واضح رہے کہ اس میچ میں شے ہوپ کی ٹیم گیانا ایمازون واریئرز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث پوائنٹس ٹیبل پر ان کی پوزیشن کو بھی نقصان پہنچا۔