مریم نواز کا قصور کا دورہ، ریسکیو ٹیم کیلئے 10 لاکھ روپے انعام

وزیرِ اعلیٰ سکول میں قائم ریلیف کیمپ پہنچ گئیں، خواتین اور بچوں سے بات چیت،مسائل دریافت کی، متاثرہ خاندانوں کا خیر مقدم کیا
 گھر سے نومولود بچے کو بحفاظت نکالنے پر ڈی ایس پی نعمان ، ریسکیو ٹیم کے لیے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان، تفصیلی بریفننگ دی گئی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز قصور کے اسکول میں قائم ریلیف کیمپ پہنچ گئیں، جہاں انہوں نے خواتین اور بچوں سے بات چیت کی اور مسائل دریافت کیے۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے قصور کے قریب سرحدی علاقے میں قائم ریلیف کیمپ کا دورہ کیا اور سیلاب زدہ علاقے گٹی کلنجر سے کشتی پر تلوار پوسٹ آنے والے متاثرہ خاندانوں کا خیر مقدم کیا۔انہوں نے ریسکیو بوٹ سے آنے والی تمام خواتین کی خیریت دریافت کی اور متاثرین کو دلاسہ دیا، معصوم بچے کو گود میں اٹھا لیا اور ماں کے سپرد کیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیلاب سے ضلع قصور کے 29 گاوٓں متاثر ہوئے اور 18 ہزار 300 سے زائد آبادی کا انخلاء￿  ہوا جبکہ 36 ہزار 129 مویشی بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے۔متاثرہ نواحی گاوں سے 55 مویشیوں اور فارمر کے خاندان کو بیڑے پر تلوار پوسٹ منتقل کیا گیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ قصور ریلیف کیمپ میں دھوپ سڑی، مبوکے، اولہ کے اور دیگر علاقوں کے متاثرین شامل ہیں، ریلیف کیمپ میں 60 خاندان اور 312 افراد مقیم ہیں، جن کے کھانے کا انتظام ہے۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے سیلابی ریلے میں گھرے نومولود بچے کو بحفاظت نکالنے پر ڈی ایس پی نعمان کو انعام دیا اور ریسکیو ٹیم کے لیے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قصور اور ڈی پی او نے تفصیلی بریفننگ دی، انہوں نے سیلاب سے بچاو کے لیے آبی ذخائر بنانے کا جائزہ لینے کا بھی حکم دیا۔