بنکاک: تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں سیلاب سے بھری سڑک پر جیٹ سکی چلانے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
واقعہ نیو فیچابوری روڈ پر پیش آیا، جہاں شدید بارشوں کے باعث سڑکیں زیرِ آب آگئی تھیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ایک شخص کو سیلابی پانی میں جیٹ سکی تیز رفتاری سے چلاتے اور خطرناک موڑ کاٹتے دیکھا گیا۔جیٹ سکی سے اٹھنے والی لہریں قریبی گھروں تک پہنچیں، جس کے باعث بعض رہائشیوں کی املاک کو بھی نقصان پہنچا۔ مذکورہ شخص نے اپنی تصویر بھی سوشل میڈیا پر ’’بی کے کے ڈرفٹ‘‘ کے کیپشن کے ساتھ شیئر کی تھی۔پولیس کی جانب سے گرفتاری کے بعد اس شخص نے بتایا کہ اسے ٹریفک قوانین کا علم نہیں تھا، جبکہ ایک غیر ملکی دوست نے اسے ویڈیو بنانے کی ترغیب دی تھی۔اس کا کہنا تھا کہ اس نے سیلاب سے پریشان لوگوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے ایسا کیا، تاہم یہ کوشش اسے پولیس اسٹیشن تک لے گئی۔واضح رہے کہ شدید بارشوں کے باعث بنکاک کے مختلف علاقے سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں اور ہزاروں افراد کو عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کیا گیا ہے۔