میسی کو یونیورسٹی آف بیونس آئرس کی اعزازی ڈاکٹریٹ دینے کا اعلان

میسی کو یونیورسٹی آف بیونس آئرس کی اعزازی ڈاکٹریٹ دینے کا اعلان

ارجنٹائن کے لیجنڈری فٹبالر لیونل میسی کے شاندار کیریئر میں ایک اور منفرد اعزاز کا اضافہ ہونے جا رہا ہے۔

یونیورسٹی آف بیونس آئرس نے لیونل میسی کو ڈاکٹر ہونوریس کاؤسا کی اعزازی ڈگری دینے کا اعلان کیا ہے، جو یونیورسٹی کی جانب سے دیا جانے والا اعلیٰ ترین اعزاز ہے۔یونیورسٹی کی سپیریئر کونسل نے متفقہ طور پر میسی کو اعزازی ڈاکٹریٹ دینے کی منظوری دی۔ ادارے نے میسی کی غیر معمولی صلاحیت، مسلسل محنت، عاجزی اور ارجنٹائن کی نمائندگی کے لیے ان کے عزم کو سراہا ہے۔میسی 6 اکتوبر کو اعزازی ڈاکٹریٹ وصول کریں گے، جبکہ اسی روز چند گھنٹے بعد وہ ارجنٹائن کی قومی ٹیم کی جانب سے اپنے آخری میچ کے لیے مونومینٹل اسٹیڈیم میں میدان میں اتریں گے۔

خصوصی الوداعی میچ میں ارجنٹائن کا مقابلہ بینن سے ہوگا اور میسی کی 208ویں اور آخری بین الاقوامی پیشی متوقع ہے۔لیونل میسی نے ارجنٹائن کے ساتھ 2022 کا فیفا ورلڈ کپ، 2021 اور 2024 کے کوپا امریکا ٹائٹلز جبکہ 2022 کی فائنالسّیما جیتی۔یونیورسٹی آف بیونس آئرس کے مطابق میسی کی اہمیت صرف ٹرافیوں تک محدود نہیں، بلکہ وہ ارجنٹائن کی ثقافت اور قومی شناخت کے نمایاں سفیر بھی ہیں۔