ورلڈ کپ 2027 کا شیڈول آج جاری ہونے کا امکان

ورلڈ کپ 2027 کا شیڈول آج جاری ہونے کا امکان

کرکٹ شائقین کو آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کے شیڈول کا بے صبری سے انتظار ہے، جس کی میزبانی جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا مشترکہ طور پر کریں گے۔

 ٹورنامنٹ کا شیڈول آج یکم اکتوبر کو جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔رپورٹس کے مطابق آئی سی سی اور کرکٹ جنوبی افریقہ کی جانب سے ورلڈ کپ 2027 کے شیڈول کا اعلان یکم اکتوبر کو کیپ ٹاؤن میں کیا جائے گا۔ ٹورنامنٹ یکم اکتوبر سے شروع ہو کر 19 نومبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق ورلڈ کپ کے ٹکٹوں کے لیے بیلٹ کا عمل بھی یکم اکتوبر سے شروع ہوگا۔ اس مرحلے پر ٹکٹ فروخت نہیں کیے جائیں گے بلکہ شائقین ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے بیلٹ میں اپنا نام رجسٹر کرا سکیں گے۔ورلڈ کپ 2027 میں مجموعی طور پر 14 ٹیمیں حصہ لیں گی، جن میں سے 10 ٹیموں کی شرکت کا فیصلہ 30 ستمبر کی کوالیفکیشن کٹ آف ڈیٹ تک ہونا ہے۔میزبان جنوبی افریقہ اور زمبابوے پہلے ہی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں، جبکہ دیگر 8 ٹیمیں آئی سی سی ون ڈے رینکنگ کی بنیاد پر جگہ بنائیں گی۔ باقی 4 ٹیموں کا فیصلہ کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے ذریعے ہوگا۔

موجودہ صورتحال کے مطابق بھارت، نیوزی لینڈ، پاکستان، آسٹریلیا، انگلینڈ، سری لنکا، افغانستان اور بنگلہ دیش رینکنگ کی بنیاد پر ورلڈ کپ میں جگہ بنانے کی پوزیشن میں ہیں۔دوسری جانب ویسٹ انڈیز کو ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے ذریعے جگہ بنانا ہوگی، جو آئندہ سال کے آغاز میں کھیلے جانے کا امکان ہے۔ورلڈ کپ 2027 میں بھارت بھی خاص توجہ کا مرکز ہوگا۔ بھارت 2023 کے ورلڈ کپ میں تمام لیگ میچز جیت کر فائنل میں پہنچا تھا، تاہم فیصلہ کن معرکے میں آسٹریلیا نے اسے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔