اسلام آباد: وزیرِاعظم شہباز شریف کے جاپان اور انڈونیشیا کے دورے ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
سفارتی ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم 7 تا 9 اکتوبر جاپان کا دورہ کرنا تھے، جو کسی بھی پاکستانی وزیرِاعظم کا 20 سال بعد جاپان کا دورہ ہوتا، لیکن جاپان میں وزیرِاعظم کی تبدیلی اور حلف برداری کی وجہ سے یہ دورہ دونوں حکومتوں کی باہمی رضامندی سے ملتوی کر دیا گیا ہے۔اسی طرح وزیرِاعظم کا انڈونیشیا کا دورہ بھی ملتوی کر دیا گیا ہے، جو 4 اور 5 اکتوبر کو ہونا تھا۔تاہم وزیرِاعظم کا ملائیشیا کا دورہ معمول کے مطابق برقرار ہے۔ وہ 5 سے 7 اکتوبر تک ملائیشیا جائیں گے، یہ دورہ ملائشیائی وزیرِاعظم انور ابراہیم کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ دوروں کی ملتوی ہونے کی وجہ حکومتوں کے درمیان باہمی ہم آہنگی اور انتظامی وجوہات ہیں، اور مستقبل میں نئے شیڈول کے مطابق دورے دوبارہ طے کیے جائیں گے۔