کیمپ جیل لاہورمیں اسیران کے لیے پہلے اوپن جم کا افتتاح

 اسیران کیلئے4ملین کی لاگت سے اوپن جم تیار کیا گیا ، صوبائی وزیرکھیل پنجاب
لاہور (خصوصی رپورٹ) صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کیمپ جیل لاہورمیں اسیران کے لیے پہلے اوپن جم کا افتتاح کردیا گیا، صوبائی وزیرکھیل پنجاب نے منگل کے روز کیمپ جیل کا دورہ کیا اور وہاں اسیران کو دی جانے والی سہولیا ت اورپنجاب حکومت کی جانب سے اسیران کو کروائے جانیوالے ٹیکنیکل کورسز کا بھی معائنہ کیا ،وزیر کھیل پنجاب نے قیدیوں سے ملاقات کی اورجیل دی جانیوالی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا ، سپرٹنڈنٹ جیل ظہیر احمد وڑائچ نے صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی ہے۔ صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے اسیران کیلئے4ملین کی لاگت سے اوپن جم تیار کیا گیا ہے ، ہمارا مشن ہر شہری کو سپورٹس سہولیات مہیا کرنا ہے تاکہ صحت مند معاشرہ تشکیل پایا جاسکے،انسانوں سے نہیں بلکہ جرم سے نفرت ہونی چاہیے،کھیل اور فٹنس سہولیات ذہنی و جسمانی صحت کے لیے ضروری ہیں۔صوبائی وزیر پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھرنے جیل انتظامیہ کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا ، اسیران کا کھیل اور فٹنس سہولیات پر پنجاب وزیرکھیل اور پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا