سابق ایم پی اے پر تشدد، ڈی آئی جی کا نوٹس ،ا نکوائری شروع

سمیرا کومل کے بیٹے کو سنوکر کلب سے گرفتار کیا گیا ،دوسراموٹرسائیکل حادثے میں جاں بحق ہوا
خاتون اور شوہر نے بیٹے کو چھڑوانے کیلئے پولیس اہلکاروں سے بد سلوکی کی : پولیس ترجمان 
 لاہور (کرائم رپورٹر) سابق ایم پی اے پر مبینہ پولیس تشدد کے واقعے کا ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی انکوائری 48 گھنٹوں میں مکمل کرنے کا حکم جاری کردیا ہے ڈی آئی جی آپریشنز نے ہدایت کی ہے کہ واقعے کے تمام شواہد، بشمول ویڈیوز، کی روشنی میں غیرجانبدارانہ انکوائری کی جائے ،پولیس ترجمان کے مطابق مبینہ تشدد کے معاملے پر انکوائری شروع کردی گئی ہے، تاہم دیگر تمام الزامات حقائق کے منافی ہیں۔ ترجمان نے وضاحت کی کہ سابقہ ایم پی اے کا بیٹا ارسلان دو روز قبل 90 سنوکر کلب سے 12 دیگر ملزمان کے ہمراہ جوا کھیلتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا تھا۔ مذکورہ سنوکر کلب اور دیگر گرفتار ملزمان کا ماضی میں بھی جوئے کے مقدمات میں ریکارڈ موجود ہے ،خاتون ایم پی اے کا ایک بیٹا گزشتہ ماہ موٹر سائیکل حادثے میں جاں بحق ہوا تھا، جس کا مقدمہ درج ہے۔پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ دوسرے بیٹے کی گرفتاری کو پہلے بیٹے کے مقدمہ قتل کے دباؤ سے جوڑنا بے بنیاد پروپیگنڈہ ہے ،سابق ایم پی اے اور ان کے شوہر نے بیٹے کو چھڑوانے کے لیے پولیس اہلکاروں سے بدسلوکی کی اور دباؤ ڈالنے کی کوشش کی۔ترجمان نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق قانون سب کے لیے برابر ہے، اور کسی کو بھی استثنا حاصل نہیں۔ پولیس ترجمان نے بغیر تصدیق کے الزام تراشی پر مبنی یک طرفہ خبریں چلانے کو افسوسناک قرار دیا۔