اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )اسلام آباد میں فیلڈ مارشل محمد ایوب خان کے پڑپوتے کے گھر میں ایک نامعلوم خاتون نے گھس کر تقریباً 80 لاکھ روپے مالیت کا قیمتی سامان چوری کر لیا۔ چوری کیے گئے سامان میں سابق صدر کے ذاتی استعمال کی اشیا بھی شامل ہیں۔یہ واقعہ 26 اکتوبر کو اسلام آباد کے سیکٹر ایٹ ٹو میں پیش آیا جس کی ایف آئی آر تھانہ مارگلہ میں درج کی گئی ہے۔محمد تیمور سابق صدر اور فیلڈ مارشل محمد ایوب خان کے پڑپوتے ہیں جبکہ ان کے والد اکبر ایوب خان خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن ہیں۔اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ میں درج ایف آئی آر میں محمد تیمور ایوب خان نے مئوقف اپنایا کہ وہ 26 اکتوبر کو اسلام آباد کے سیکٹر ایف 8 ٹو میں واقع اپنے گھر پر موجود تھے کہ صبح تقریباً پانچ بج کر 35 منٹ پر ایک نامعلوم خاتون گیٹ پھلانگ کر ان کے ڈرائنگ روم میں داخل ہو گئی۔ایف آئی آر کے مطابق چوری کی جانے والی اشیاء میں دو چاندی کے لیمپ (وزن دو کلو)، ایک چاندی کا تھال (وزن تین کلو) برتن (وزن چار کلو) ایک باکس (وزن دو کلو)اور سب سے اہم فیلڈ مارشل ایوب خان کا دعوتی سکرول شامل ہے۔اس کے علاوہ ہرن کے چہرے والا چاندی کا پیالہ (وزن ایک کلو)، چاندی کی ٹرے (وزن ڈیڑھ کلو)، چائے دان (وزن نصف کلو)، چاندی کا ڈونگا اور بڑا چمچ (وزن ایک کلو)بھی چوری کر لیے گئے۔ میک اپ کا سامان اور دیگر گھریلو اشیاء بھی غائب تھیں۔