اشتہاری ،ڈکیت قبلہ درست کریں یا پاکستان چھوڑ دیں:سربراہ سی سی ڈی

شیخوپورہ(خصوصی رپورٹ)کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ(سی سی ڈی)کے سربراہ وایڈیشنل آئی جی سہیل ظفر چٹھہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور کی نگرانی میں صوبے کو کرائم فری صوبہ ،اسلحہ سے پاک اور امن کا گہوارہ بنانے کیلئے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ قوانین پر من وعن عملدرآمد کو یقینی بنائے گا، اشتہاری مجرم،ڈکیت،رہزن اپنا قبلہ درست کرلیں یا پاکستان چھوڑجائیں، پاکستان کی مٹی کو بدبوداربنانے والوں کیلئے یہاں کوئی جگہ نہیں ۔شرفاء ، خواتین عزت وتکریم کیساتھ بلا خوف وخطرزندگی بسرکرینگے۔ان خیالات کا اظہار انہوںگزشتہ روز ملاقات کیلئے آنیوالے سماجی رہنماومعروف سنگربلال بوبی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بلال بوبی نے سی سی ڈی کی طرف سے اٹھائے جانیوالے اقدامات پرسی سی ڈی سربراہ کو مبارکباد پیش کی۔ سہیل ظفر چٹھہ نے مزید کہاکہ دشمنیوں کی آڑ میں انسانوں کے قتل عام،خوف وہراس کی وباء کے خاتمہ پر بھی عملدرآمد شروع کردیا ،خواتین ، بچیوں کو ہراساں اورچھیڑچھاڑکرنیوالوں کیخلاف بھی گھیرا تنگ کر دیا گیا ، منشیات فروش،بھتہ خور،قاتل، ڈکیتی کے دوران زیادتیاں کرنیوالوں کیلئے سی سی ڈی خوف کی علامت بن گئی ، جرائم سے پاک پنجاب ہمارا مشن ہے جس کی تکمیل کیلئے کوششیں جاری ہیں۔