ویب ڈیسک: بھارتی فلم انڈسٹری کی عالمی شہرت یافتہ اداکارہ ایشوریا رائے بچن آج اپنی 52ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔
ایشوریا رائے کا فنی سفر خوبصورتی، قابلیت، اور یادگار کرداروں سے مزین ہے جنہوں نے نہ صرف بالی ووڈ میں انہیں ایک ممتاز مقام دلایا بلکہ عالمی سطح پر بھی ان کی شناخت کو مضبوط کیا۔انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز تمل فلموں سے کیا اور 1997 میں "اور پیار ہو گیا" کے ذریعے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔ ان کے فنی سفر کی اصل پہچان 1999 میں سنجے لیلا بھنسالی کی فلم "ہم دل دے چکے صنم" سے ہوئی، جس میں نندنی کے کردار نے انہیں زبردست شہرت دلائی اور پہلے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا۔اسی سال، سبھاش گھئی کی موسیقی سے بھرپور فلم "تال" میں ان کی شاندار کارکردگی نے انہیں صفِ اول کی اداکاراؤں میں شامل کیا۔ سال 2002 میں ایشوریا نے سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ "دیو داس" میں کام کیا، جس میں انہوں نے پارو کے کردار میں شاہ رخ خان کے مقابل شاندار اداکاری کا مظاہرہ کیا۔
یہ فلم نہ صرف بھارت بلکہ عالمی سطح پر بھی کامیاب رہی اور کانز فلم فیسٹیول میں نمائش کے لیے پیش کی گئی، جس پر ایشوریا کو دوسرا فلم فیئر ایوارڈ ملا۔2006 میں، انہوں نے "دھوم" میں ایکشن اور گلیمر سے بھرپور روپ دھارا، جس سے ان کی اداکاری میں وسعت اور تجارتی کامیابی واضح ہوئی۔ 2007 میں، انہوں نے منی رتنم کی فلم "گرو" میں اپنے شوہر ابھیشیک بچن کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا، جسے ناقدین اور ناظرین دونوں نے سراہا۔بیٹی کی پیدائش اور چند سال کے وقفے کے بعد، ایشوریا نے واپسی کی اور فلمیں "جذبہ" (2015) اور "اے دل ہے مشکل" (2016) سے اپنی فنی صلاحیتیں پھر سے منوائیں۔ ان کی اداکاری نے ثابت کیا کہ عمر یا وقت ان کی کشش اور اداکارانہ نکھار کو کم نہیں کر سکتے۔