پنجاب حکومت کا ریگولرائزیشن ایکٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ

آرڈیننس کی منظوری کے بعد نیا قانون فوری نافذ، کیسز پبلک سروس کمیشن کو بھیجے جائیں گے:ذرائع
لاہور (آن لائن) پنجاب حکومت نے ریگولرائزیشن ایکٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس ضمن میں آرڈیننس کے اجراء کے لیے سمری گورنر پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کا مقصد میرٹ کی بحالی اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔ریگولرائزیشن ایکٹ کے تحت ہونے والی تمام بھرتیوں کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے گا، جبکہ انتظامی اصلاحات کے لیے ایک نیا میکانزم تشکیل دیا جا رہا ہے۔ آرڈیننس کی منظوری کے بعد نیا قانون فوری طور پر نافذالعمل ہوگا۔محکمہ قانون نے سمری میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ریگولرائزیشن کا موجودہ نظام میرٹ کے منافی ہے، جس سے ادارہ جاتی کارکردگی متاثر ہو رہی تھی۔ اس سلسلے میں غیر مجاز بھرتیوں کے کیسز پبلک سروس کمیشن یا متعلقہ فورمز کو بھیجے جائیں گے۔پنجاب حکومت کے مطابق سرکاری اداروں میں کارکردگی اور میرٹ کو اولین ترجیح دی جائے گی، جبکہ انتظامی ڈھانچے میں شفافیت اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ گورننس سسٹم کو مؤثر بنایا جا سکے۔