حملے اور فائرنگ کے باوجود ملزمان کے خلاف تاحال مقدمہ درج نہ ہوسکا
لاہور(کرائم رپورٹر )پنجاب پولیس کا ایک انسپکٹر خود انصاف کے لیے در بدر ہونے پر مجبور ہوگیا، مبینہ حملے اور فائرنگ کے باوجود ملزمان کے خلاف تاحال مقدمہ درج نہ ہوسکا۔درخواست گزار پولیس انسپکٹر محمد یعقوب کے مطابق ملزمان نے ان کے گھر پر حملہ کیا۔ ملزمان نے نہ صرف گھر میں گھس کر توڑ پھوڑ کی بلکہ انسپکٹر، ان کے بیٹے اور اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔انسپکٹر محمد یعقوب کا کہنا ہے کہ ملزم عثمان نے پسٹل کے بٹ سے ان کے سر پر وار کیا جس سے وہ زخمی ہوگئے اور سر سے خون بہنے لگا، جبکہ دیگر ملزمان نے ان کے بیٹے حمزہ کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔درخواست گزار انسپکٹر یعقوب کے مطابق ملزمان گھر کے باہر فائرنگ بھی کرتے رہے جس کی ویڈیوز بھی موجود ہیں، تاہم واقعے کے دو روز گزرنے کے باوجود تھانہ کوٹ عبدالملک شیخوپورہ پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا۔انسپکٹر محمد یعقوب، جو اس وقت قصور پولیس میں تعینات ہیں، نے آئی جی پنجاب عبدالکریم سے نوٹس لینے اور فوری انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔انسپکٹر محمد یعقوب نے ائی جی پنجاب عبدالکریم سے درخواست کی ہے کہ اس پر ہونے والے تشدد کا مقدمہ درج کیا جائے اور ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ سے ان ملزمان کے خلاف سخت ایکشن لینے کی درخواست کی ہے