انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس اور نارویجن پولیس وفد کی ملاقات

 بین الاقوامی تعاون سے انسداد جرائم اور سیکیورٹی مضبوط بنانے پر اتفاق
لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے نارویجن پولیس کے اعلیٰ سطحی وفد نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، اے آئی جی ایڈمن ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی، اے آئی جی انسپکشن شائستہ ندیم اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ نارویجن وفد میں ڈپٹی چیف، پولیس چیف سپرنٹنڈنٹ اور رابطہ افسر شامل تھے۔ آئی جی پنجاب نے نارویجن پولیس کو غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے پنجاب پولیس کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ دونوں اداروں نے دہشت گردی، منشیات، ہیومن ٹریفکنگ اور منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں سائبر کرائم اور ڈیجیٹل فراڈ سے نمٹنے کے لیے تربیت کے تبادلے پر بھی بات ہوئی۔ آئی جی پنجاب نے غیر ملکی شہریوں کی حفاظت کو اولین ترجیح قرار دیا اور پنجاب پولیس کی تھانوں کی اپ گریڈیشن پر مبنی کتاب ‘‘تھانے پنجاب دے’’ پیش کی۔ وفد نے اے آئی جی انسپکشن کو سووینئر دیا۔