کیلیفورنیا:ڈچس آف سسیکس میگھن مارکل نے حالیہ پوڈکاسٹ میں پرنس ہیری سے علیحدگی کی خبروں کو قطعی طور پر من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا رشتہ نہ صرف قائم ہے بلکہ مزید مضبوط ہوا ہے۔
میگھن مارکل نے یہ وضاحت اپنی قریبی دوست اور آئی ٹی کاسمیٹکس کی سی ای او، جیمی کرن لیما کے پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران دی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اور پرنس ہیری ایک دوسرے سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور ان کا رشتہ آج بھی ہنی مون جیسا خوشگوار ہے۔
"پرنس ہیری میرے ہیرو ہیں"
میگھن نے پرنس ہیری سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا،"دیکھیں ہم نے کیا خوبصورت زندگی بنائی ہے، ہمارے دو صحت مند، خوبصورت بچے ہیں۔ مجھے لگتا ہے جیسے یہ سب کسی ویڈیو گیم کی طرح ہے، جہاں ہیرو آتا ہے، ڈریگن کو مارتا ہے اور شہزادی کو بچاتا ہے۔ میرے شوہر بھی میرے ہیرو ہیں۔ اگر آپ نے غور نہیں کیا تو بتا دوں کہ وہ بہت ہینڈسم ہیں، لیکن ان کا دل ان کے چہرے سے بھی زیادہ خوبصورت ہے۔"انہوں نے بتایا کہ ان کا رشتہ سات سال سے قائم ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ اس میں مزید گہرائی آئی ہے۔"تعلقات کی شروعات میں سب کچھ تتلیوں جیسا لگتا ہے، لیکن صرف چھ ماہ بعد ہم زندگی کی کئی مشکلات میں ایک دوسرے کا سہارا بنے، اب سات سال بعد ہمیں ایک نیا سکون ملا ہے اور یہی ہمارا اصل ہنی مون پیریڈ ہے۔"
علیحدگی کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی
میگھن مارکل نے میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کی سختی سے تردید کی جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ وہ اور پرنس ہیری علیحدگی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسی باتوں میں کوئی صداقت نہیں، اور یہ افواہیں صرف ان کے خاندان کے لیے ذہنی پریشانی کا باعث بنتی ہیں۔یاد رہے:میگھن مارکل اور پرنس ہیری کی شادی 2018ء میں ونڈسر کیسل میں ہوئی تھی، جو عالمی سطح پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی شاہی شادی قرار پائی۔2019ء میں ان کے ہاں پہلے بیٹے پرنس آرچی کی پیدائش ہوئی اور 2021ء میں بیٹی پرنسس لیلیبٹ دنیا میں آئی۔شاہی ذمہ داریوں سے دستبرداری کے بعد یہ جوڑا امریکا منتقل ہو گیا جہاں وہ اپنے بچوں کے ہمراہ ایک نسبتاً نجی زندگی گزار رہے ہیں۔