ویب ڈیسک: مزدوروں کے عالمی دن کی مناسبت سے ملک بھر میں عام تعطیل کے باعث اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سے کسی بھی قسم کی ملاقات نہیں ہو سکے گی۔
جیل ذرائع کے مطابق تعطیل کے باعث قیدیوں اور حوالاتیوں سے عمومی ملاقاتیں معطل کر دی گئی ہیں۔پی ٹی آئی کے رہنما انتظار پنجھوتھا نے عمران خان سے ملاقات کے لیے چھ سینئر سیاسی رفقا کی فہرست جیل حکام کو ارسال کی تھی، جن میں سید فخر جہان، سہیل خان، شاہد خٹک، میاں غوث، اظہر طارق، اور بلال عمر بودلہ کے نام شامل تھے۔ تاہم، تعطیلات کی وجہ سے یہ ملاقاتیں اگلے ہفتے تک ممکن نہیں ہو سکیں گی۔جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عام تعطیلات کے دوران سکیورٹی اور دیگر انتظامی وجوہات کی بنا پر ملاقاتوں پر پابندی عائد کی جاتی ہے اور اس بابت تمام قیدیوں کے اہل خانہ اور متعلقہ حلقوں کو پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق آئندہ ہفتے کے آغاز میں معمول کے مطابق ملاقاتوں کا شیڈول دوبارہ جاری کیا جائے گا، اور اس کے تحت بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ان کے سیاسی رفقا کی ملاقاتیں متوقع ہیں۔